کراچی: امریکا سےآنے والا مسافر اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار

July 16, 2020

کسٹمز کلکٹریٹ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے امریکا سے آنے والے مسافر کو اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

ملزم کے بیگیج سے بھاری مالیت کے موبائل فون، زیورات، کاسمیٹک، فوڈ آئٹم اور کرنسی برآمد ہو ئی ہے جو کہ گرین چینل کا فائدہ اٹھا کر اسمگل کرنا چاہتا تھا، کسٹمز کی جانب سے ضبط کئے گئے سامان کی مالیت 68 لاکھ بتائی جاتی ہے۔

کسٹمز ترجمان ایس ایم عرفان کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آمد والے ہال پر تعینات عملے نے دوران چیکنگ اتحاد ائیرویز کی فلائٹ 221 سے امریکہ سے براستہ ابوظبی کراچی پہنچنے والے پاکستانی مسافر شہاب حسین گرین چینل کی سہولت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے سامان کے ہمراہ بغیر اسکیننگ کے ارائیول ہال سے باہر جا رہا تھا۔

جس پر کسٹمز کے عملے نے اس کو شک کی بنیاد پر روک کر اس کے سامان کے بارے میں پوچھ گچھ کی کہ اس کے سامان میں کوئی ممنوعہ یا قابلِ ڈیوٹی سامان موجود ہے تو مسافر نے اس قسم کے کسی سامان کی موجودگی سے انکار کیا۔

مسافر کے بیان سے غیر مطمئن ہونے پر اس کے سامان کی اسکیننگ کی گئی تو مسافر کے سامان میں موبائل فونز اور کاسمیٹکس مصنوعات کی نشاندہی ہوئی، جس پر مسافر کےسامان جو کہ تین سوٹ کیسز اور ایک شولڈر بیگ پر مشتمل تھا معائنہ کے لئے بنائے گئے کسٹم کےایگزامینیشن کاؤنٹر پر لاکر مسافر کی موجودگی میں کھولا گیا اور تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی۔

جسکے نتیجہ میں 21 لاکھ روپے مالیت کے 45 موبائل فونز، 10855 روپے مالیت کی کاسمیٹکس مصنوعات، 33400 روپے مالیت کا فوڈ اسٹف برآمد ہوا۔

بعد ازاں مسافر کی مکمل جامہ تلاشی لی گئی جس کے نتیجہ میں مسافر کے زیب تن کئے کپڑوں کی جیبوں سے 24،94،600 روپے مالیت کے 295 گرام کے سونے کے زیورات اور 13،410 امریکن ڈالر برآمد کئے گئے۔

برآمد شدہ سامان زیورات اور کرنسی کی کل مالیت 68 لاکھ 76ہزار 260 روپے ہے، برآمدگی کے بعد مسافر کےخلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔