مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ سال 5 اگست سےاب تک بھارت کےمظالم جاری ہیں، ترجمان دفترخارجہ

July 16, 2020

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم جاری ہیں، پاکستان نے کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو عالمی فورمز پر اجاگر کیا ہے۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ ڈومیسائل کا غیر کشمیریوں کو اجراء مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں کا دوسرا مرحلہ ہے۔

بھارت سے متعلق ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری سکھ یاتریوں کی آمدورفت کیلئے کھولا ہے تاہم کرونا کی وجہ سے بین الاقوامی یاتریوں کو روکا ہوا ہے۔

انھوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ سال 5 اگست سےاب تک بھارت کے مظالم جاری ہیں، مقبوضہ کشمیر کی 90 لاکھ آبادی پر بھارتی مظالم جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا بی جے پی حکومت ہندوتوا کی پالیسوں پر عمل کررہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نقل و حرکت اور معلومات پر مسلسل پابندی ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ انٹرنیٹ پر پابندیوں سے مقبوضہ کشمیر میں ریلف اور طبی سامان کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے حالیہ جعلی سرچ آپریشنز میں کئی کشمیریوں کو شہید کیا۔

انھوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی بندرگاہ چابہار سے بھارت کی علیحدگی کی رپورٹس دیکھی ہیں، تاہم ہم 2 ممالک کے اندرونی معاملات پر تبصرہ نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے کے امن میں رکاوٹ آج بھارت ہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکا کے درمیان بچوں کی حوالگی کے حوالے سے معاہدہ ہوا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہان تھا کہ افغانستان میں مستقل امن و استحکام کیلئے پاکستان امن عمل کی حمایت کرتا ہے اور اس حوالے سے سہولت کاری جاری رکھے گا۔

انھوں نے کہا کہ 2010 سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کا معاہدہ ہے افغان ٹرک پاکستانی سرحد سے گزر کر آگے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں لندن ہائی کمیشن کے ذریعے نواز شریف کیس میں نوٹس بھجوانے کا کہا گیا جس پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔

ہانگ کانگ سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہانگ کانگ کے معاملے پر اصولی موقف ہے، ہانگ کانگ چین کا حصہ ہے اور ہانگ کانگ سے متعلق معاملات چین کا اندرونی معاملہ ہیں۔

محرم کے مہینے میں زائرین کی روانگی سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ زائرین کے محرم میں ایران جانے کے حوالے سے وزارتِ مذہبی امور حکمت عملی مرتب کر رہی ہے۔