سوشانت کی بہن کا اپنے بھائی کو خراج عقیدت

July 19, 2020

سوشانت کی بہن کا اپنے بھائی کو خراج تحسین

گزشتہ ماہ خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے ایک خصوصی ویڈیو کے ذریعے اپنے بھائی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ سوشانت میری زندگی کا ہمیشہ والا ستارہ ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شویتا سنگھ کیرتی نے سوشانت سنگھ کی زندگی کے کچھ حسین لمحات کو جمع کرکے ایک خصوصی ویڈیو پوسٹ کی جس میں سوشانت کو گٹار بجاتے، خاکہ نگاری کرتے، خطاطی کرتے، اپنے کتے کے ساتھ کھیلتے، اپنی بالکونی سے ستاروں کو دیکھتے اور یہاں تک کہ ٹیوشن کلاس میں بھی سبق دیتے دکھایا گیا ہے۔


ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح سوشانت سنگھ دوربین سے آسمان پر ستارے دیکھنے کا شوق رکھتے تھے اور ویڈیو کے آخر میں اُنہیں بھارتی اداکار گویندا کے مشہور گانے پر ڈانس کرتا بھی دکھایا گیا ہے۔

سوشانت کی سنگھ کی بہن نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’تُم میرے ہمیشہ والے ستارے ہو۔‘

اُنہوں نے جذباتی ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میرے بھائی تمہیں کھونے کا درد اتنا قیمتی ہے کہ میں نہ تو یہ درد دُنیا میں سے کسی کو دے سکتی ہوں اور نہ ہی اِس میں کسی کو شامل کرسکتی ہوں۔‘

5 منٹ 4 سیکنڈز کی یہ ویڈیو شویتا سنگھ نے صرف 3 گھنٹے قبل ہی پوسٹ کی ہے اور اب تک اس ویڈیو پر 31 ہزار سے زائد ویوز آچکے ہیں۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ نے رواں سال 14جون اتوار کے روز ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اپنے گھر میں خودکشی کی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکار کا گلا پھانسی کی وجہ سے گھٹا جس کے بعد اُن کی موت واقع ہوئی۔

سوشانت سنگھ کی خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس کو ان کے گھر سے کچھ دستاویزات موصول ہوئے تھے جن کے مطابق سوشانت سنگھ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے۔