پی ایس ایل: ٹکٹوں کی واپسی کا پہلا ہفتہ مکمل، 2 کروڑ 70 لاکھ روپے واپس کردیے

July 19, 2020

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کی ٹکٹوں کی واپسی کا پہلا ہفتہ مکمل ہوگیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پہلے ہفتے میں مجموعی طور پر 27 ہزار 539 ٹکٹیں واپس کی گئی ہیں۔

پی سی بی کے مطابق واپس کی جانے والی ٹکٹوں کی رقم 2 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں ٹکٹوں کی واپسی کا عمل 5 اگست تک جاری رہے گا۔

پی سی بی نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں صرف گروپ میچز کی ٹکٹیں واپس ہو رہی ہیں۔

ٹکٹوں کی واپسی کا دوسرا مرحلہ 6 اگست سے شروع ہوگا جو 29 اگست تک جاری رہے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں پلے آف میچز کی ٹکٹیں واپس کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس کی باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے پہلے پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ 2020 کے گروپ میچز کی تعداد کو کم کردیا تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ انتظامیہ نے پلے آف مرحلے کو ختم کرتے ہوئے میچز کو سیمی فائنل میں تبدیل کر دیا تھا۔

پی سی بی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ایونٹ کے دیگر میچز ان ڈور یا بغیر تماشائیوں کے منعقد کیے جائیں گے۔

تاہم اس تمام تر صورتحال میں جب دیگر ممالک نے کورونا وائرس کے باعث اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا تو پی ایس ایل میں شامل غیر ملکی کھلاڑی، اسٹاف، ٹیکنیشنز وغیرہ نے بھی پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد پی سی بی کو پی ایس ایل روکنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔

تاہم گروپ میچز، پلے آف مرحلے کے ساتھ ساتھ شائقین کرکٹ نے فائنل کی ٹکٹیں بھی خریدی ہوئی تھیں جن کی ریفنڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔