• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل فائیو کے ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا عمل کل سے شروع ہوگا، پی سی بی

پی ایس ایل فائیو کے ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا عمل کل سے شروع ہوگا


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈکا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے دو مرحلوں پر مشتمل ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا یہ عمل پیر سے شروع ہوگا۔ہفتے کو پاکستان سپر لیگ 2020 کے 10 میچوں کی ٹکٹوں کی واپسی کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ یہ میچز یا تو بارش کی نذر ہوئے،یا بند دروازوں میں کھیلے گئے اور یا پھر کوویڈ19 کے باعث ان کا شیڈول تبدیل کردیا گیا تھا۔پہلا مرحلہ 13 جولائی سے پانچ اگست تک جاری رہے گا، جس میں کوویڈ 19 کے سبب بند دروازوں میں کھیلے گئے 5 گروپ میچز اور 29 فروری کو راولپنڈی میں بارش کی نذر ہونے والے میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی۔ ری فنڈنگ کا دوسرا مرحلہ 6 سے 29 اگست تک جاری رہے گا۔ جہاں لیگ کے ابتدائی شیڈول میں شامل کوالیفائر، 2 ایلیمنٹر اور فائنل میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی۔ پی سی بی کے مطابق چھ ہفتوں پر مشتمل یہ عمل صارفین کے لیے ایونٹ کی ٹکٹوں کی واپسی کا واحد موقع ہے۔ ٹکٹوں کی واپسی کا یہ عمل ملک بھر کے 27 مختلف شہروں کے مخصوص کوریئر مراکز پر پیر سے ہفتہ، صبح 10 سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گا۔ان شہروں میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے علاوہ چکوال، حیدرآباد، وہاڑی، گجرانوالہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان، سکھر، لودھراں اور وہاڑی وغیرہ بھی شامل ہیں۔ ٹکٹوں کے پیسوں کی واپسی کے لیے ایونٹ کے لیے خریدی گئی اپنی اصل ٹکٹ ان مخصوص ٹی سی ایس مراکز میں جمع کرانا ہوگی۔ اس دوران ٹی سی ایس مراکز کا رخ کرنے والے ان صارفین کے لیے چہرے کا ماسک پہننا اور سماجی فاصلے سے متعلق دیگر حکومتی ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ پی ایس ایل کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کا کہنا ہے کہ بلاشبہ ایونٹ کی ٹکٹوں کی واپسی کایہ عمل کچھ تاخیر کا شکار ہوا تاہم امید ہے کہ تمام مداح بخوبی سمجھ سکتے ہیں کہ کوویڈ 19 کے سبب ہم ہر ممکنہ صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام صارفین سے حکومتی ہدایات برائے کوویڈ 19 پر مکمل عمل کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔

تازہ ترین