امریکہ کے ساتھ خلا میں بھی مقابلہ، چین کا پہلا خودمختار مشن مریخ روانہ

July 24, 2020

بیجنگ (جنگ نیوز )چین نے مریخ کی تسخیر کے لیے اپنا پہلا خودمختار خلائی مشن جمعرات کی صبح روانہ کر دیا ہے جو سات ماہ میں کروڑوں کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے فروری 2021 تک مریخ کے مدار میں پہنچے گا۔چینی حکام کے مطابق یہ مشن سات ماہ میں لگ بھگ ساڑھے پانچ کروڑ کلو میٹر کا سفر طے کر کے فروری 2021 تک مریخ کے مدار میں داخل ہو جائے گا۔دوسری جانب امریکہ بھی چند روز میں اپنا خلائی جہاز مریخ کی طرف روانہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔چین کا تیان وین۔1 نامی خلائی جہاز جمعرات کی صبح لونگ مارچ۔5نامی راکٹ کے ذریعے جزیرہ ہینان سے مریخ کی جانب روانہ ہوا۔امریکہ بھی آئندہ ہفتے جدید ٹیکنالوجی سے لیس خلائی مشن ریاست فلوریڈا سے مریخ بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔چینی مشن میں مریخ کے مدار میں چکر لگانے والا خلائی جہاز اور سیارے کی سطح پر اُترنے والی خلائی گاڑی (روور) شامل ہے جو مریخ کی سطح کے نیچے پانی اور زندگی کے امکانات کا جائزہ لے گا۔