معروف کرکٹ صحافی منیر حسین کو ہم سے بچھڑے 7 سال بیت گئے

July 29, 2020

پاکستان کے مشہور کرکٹ صحافی منیر حسین کو ہم سے بچھڑے 7 سال گزر گئے، لیکن ان کی کرکٹ کے حوالے سے خدمات آج بھی اُن کے مداحوں کو یاد ہیں، مرحوم منیر حسین نے پاکستان میں اردو کمنٹری کو بھی رائج کروایا۔

پاکستان میں اردو کرکٹ کمنٹری کے بانی، مرحوم منیر حسین، جو کرکٹ کمنٹریٹر، ممتاز صحافی اور کرکٹ ایڈمنسٹریٹر، کے طور پر مشہور ہوئے۔

وہ 29 نومبر 1929 کو بھارت کے شہر امرتسر میں پیدا ہوئے، ان کی کرکٹ کے لیے خدمات قوم کی آج بھی یاد ہیں۔

منیر حسین سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر سنیل گواسکر کے ساتھ

منیر حسین فرسٹ کلاس کرکٹر بھی رہے، 1969 میں پاکستان کے کلب ٹورنامنٹ کے فائنل میں ٹیلی وژن اور ریڈیو پر اردو کمنٹری کو متعارف کروایا۔

مرحوم منیر حسین کراچی کرکٹ کے صدر بھی رہے، انہوں نے اردو زبان میں کرکٹ میگزین اخبارِ وطن کا اجرا بھی کیا۔ جس میں شامل کھلاڑیوں کی رنگا رنگ تصاویر نے کرکٹ شائقین اور مداحوں میں زبردست پزیرائی حاصل کی۔

منیر حسین کو پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا، انھوں نے 29 جولائی 2013 کو کراچی میں وفات پائی۔