ایف آئی اے کے دو نوٹیفکیشن، افسران میڈیا سے کوئی بھی بات شیئر نہیں کریں گے، پائلٹس کے جعلی لائسنس کی تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم

July 31, 2020

کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے ایف آئی اے کے تمام افسران پر سخت پابندی عائد کردی ہے کہ وہ آفیشل انفارمیشن، لیٹرز، کوئی بھی کمنٹس جو اسلامی، پولیٹیکل یا سوشل میڈیا سے تعلق رکھتے ہوں گے وہ کسی صورت پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا سے شیئر نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی سوشل میڈیا پر ڈالیں گے، احکامات پر عمل نہ کرنے والے افسران اور ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثناء پی آئی اے کے پائلٹس کے جعلی لائسنس کے حوالے سے تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالغفار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالرؤف اور انسپکٹر عبدالجبار مہندرو شامل ہیں۔ جو اس معاملے کی تحقیقات کریں گے۔