پاکستان طالبہ نے بھارتی پروفیسر کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

July 31, 2020

لاہور کی ہونہار طالبہ نطالیہ نے بھارتی پروفیسر کا پیریاڈک ٹیبل بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا، گنیزورلڈ ریکارڈ نے نطالیہ کو کم عمری اور کم سے کم وقت میں ریکارڈ قائم کرنے کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

پاکستان کی ہونہار بیٹی نطالیہ کا تعلق لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ سے ہے، اس کی والدہ شینا کے مطابق نطالیہ نے پیریاڈک ٹیبل ریکارڈ 2 منٹ 42 سیکنڈ میں مکمل کیا۔

نطالیہ نے بھارتی کیمسٹری پروفیسر میناکشی اگروال سے 7 سیکنڈ کے فرق سے ریکارڈ بنایا ہے، میناکشی اگروال نے 2 منٹ 49سیکنڈ میں پیریاڈک ٹیبل کا ریکارڈ بنایا تھا۔

گینز قوانین کے مطابق گنیز ورلڈ ریکارڈ کے چار ممبران نے 18 جولائی کو نطالیہ کا ریکارڈ بنتے براہ راست دیکھا، 29 جولائی کو گینز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے طالبہ کی کامیابی کا اعلان کیا گیا۔

طالبہ نطالیہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کا بچپن سے ہی سائنس کی طرف رجحان رہا ہے، کورونا لاک ڈاؤن کے دوران نطالیہ نے ٹیبل کے عناصر یاد کیے اور عالمی ریکارڈ بنا کر ملک کا نام روشن کیا۔

نطالیہ کاکہنا ہے کہ وہ مستقبل میں بائیو کیمسٹ بننا چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ پیریاڈک ٹیبل کا یہ اعزاز بھارت سے پہلے بھی ایک پاکستانی کے پاس تھا۔