تحفظ بنیاد اسلام بل، سپریم شیعہ علما بورڈ کی کال پر ملک بھر میں احتجاج

August 01, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سیّد حامد علی شاہ موسوی کی کال پر پنجاب اسمبلی میں پاس ہونے والے تحفظ بنیاد اسلام بل کے خلاف ملک بھر میں پرامن یوم احتجاج منایا گیا۔ اس موقع پر وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ہونے والے احتجاج پروگراموں میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جب تک قرآن و سنت اور آئین کے منافی بل آئینی طریقہ کار کے مطابق مسترد نہیں کیا جاتا اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، پاکستان کی بنیادیں اور مذہبی آزادیاں بچانے کیلئے علامتی احتجاج کے بعد بڑے لائحہ عمل کا حق محفوظ رکھتے ہیں جس کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا اعلیٰ سطح ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے حکومت واضح کرے کہ آئندہ کبھی ایسا بل نہیں لایا جائے گا۔ دریں اثناء ملک بھر کے پریس کلبوں پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے،اسلام آباد میں علامہ بشارت امامی، لاہور میں علامہ حسین مقدسی و حسن کاظمی، کراچی میں علاامہ اصغر نقوی، کوئٹہ میں ہادی عسکری و سردار طارق جعفری، باغ آزاد کشمیر میں ساجد کاظمی، درس آل محمد فیصل آباد میں علامہ عبدالحسن سرحدی، لاڑکانہ میں مولانا مدہوش بھٹو قاضی غلام رضا، پشاور میں ابو جعفر کیانی، کوہاٹ میں غضنفر شاہ ایڈووکیٹ ملتان میں انجینئر قمر حسنین و محتشم نقوی، جھنگ میں سردار نوید بلوچ نے خطاب کیا۔ اس موقع پر قراردادیں منظور کی گئیں۔ قراردادوں میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ ایسے وقت میں جب محرم الحرام کا آغاز ہونے والا ہے ایک ایسا بل لا کر جو تضادات اور تنازعات کو اپنی گود میں لئے ہوئے ہے پاکستان کو فتنہ و فساد میں جھونکنے کی سازش ہے لہٰذا تحفظ بنیاد اسلام بل واپس لیا جائے۔