پاکستان میں عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

August 01, 2020


پاکستان بھر میں مسلمان آج عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں۔

کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ، مقبوضہ کشمیر، ملک کی ترقی و خوشحالی اور کورونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ جس کے بعد شہرشہر،گاؤں گاؤں سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جارہی ہے۔

ملک بھر میں شہری نماز عید کے بعد اپنے مرحومین کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے بھی جارہے ہیں جس کی وجہ سے قبرستانوں میں بھی رش ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں قائم مویشی منڈیوں میں اب بھی کئی بیوپار اپنے جانوروں کے لئے خریداروں کے انتظار میں ہیں۔

حکومت پاکستان نے کورونا کے باعث اجتماعات سے گریز کرنے اور اجتماعی قربانی کی ہدایت کر رکھی ہے۔ حکومت نے کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے ایس او پیز بھی جاری کئے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عیدِ قربان کے اس موقع پر قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کی جائے، مقصد کے حصول میں قربانی کیلئے تیار رہنا ہی کامیابی کی اصل کنجی ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کا مقصد اس عزم کا اعادہ ہے کہ راہ حق پر چلنے اور عزیمت اور استقامت اختیار کرنے میں ہمیں جو بھی مشکلات پیش آئیں اور جیسی بھی قربانی دینی پڑے ہم اس سے دریغ نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ عید کے موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے جمعہ تا اتوار چھٹی اعلان کیا گیا جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے جمعہ سے پیر تک چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔