ویتنام میں کورونا سے پہلی 3 ہلاکتیں

August 02, 2020

ویتنام میں کورونا وائرس کی وجہ سے 3 ہلاکتیں ہوگئیں، ویتنام میں اس سےقبل موذی وائرس کی وجہ سے ایک بھی موت واقع نہیں ہوئی تھی۔

ویتنام کے صحت کے شعبے کو کورونا کی وبا سے اموات روکنے کے حوالے سے اپنی کارکردگی پر فخر تھا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق 70 سالہ ایک شخص جس کا تعلق مرکزی شہر ہوئی این سے تھا، کورونا کے باعث ہلاک ہونے والا پہلا شخص تھا۔

دوسری ہلاکت ایک 61 برس کے شخص ہوئی، مذکورہ دونوںہلاکتیں 31جولائی کو ہوئیں جبکہ 68 سالہ خاتون گزشتہ روز چل بسی۔

ویتنام میں گزشتہ 3 ماہ میں کورونا وائرس کے مقامی پھیلاؤ کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا تھا لیکن سیاحوں میں مشہور دا نانگ نامی ایک ساحلی شہر میں رواں ہفتے میں تیزی سے کیسز سامنے آنا شروع ہوگئے۔

ویتنامی میڈیا کے مطابق مرنے والوں میںسے دو مریض پہلے سے دوسری بیماریوں میں بھی مبتلا تھے۔

واضح رہے کہ ساڑھے 9 کروڑ کی آبادی والے ملک میں وبا کے آغاز سے اب تک صرف 546 کیسز سامنے آئے ہیں۔