افغانستان میں جیل پر حملہ، 3 افراد ہلاک

August 03, 2020

مسلح افراد کے جلال آباد شہر میں ایک جیل پر حملے کے نتیجے میں3 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے جبکہ متعدد قیدیوں کے فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔

افغانستان کے صوبہ ننگر ہار کے گورنر کے ترجمان کے مطابق سیکورٹی گارڈز پر فائرنگ سے پہلے مسلح افراد نے جلال آباد شہر میں جیل کے باہر بارود سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔

وزارت داخلہ کے ترجمان نے جیل پر حملے کی تصدیق کی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 3 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس اور خصوصی دستوں کو جائے وقوعہ پر تعینات کردیا گیا ہے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح ﷲ مجاہد نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ ہمارا حملہ نہیں ہے۔ ہمارے جنگجوؤں کو ابھی تک حملے کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ تاہم داعش نے جیل پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق جلال آباد جیل میں اس وقت ایک ہزار 700 قیدی ہیں اور ان میں بیشتر داعش اور طالبان کے جنگجو ہیں۔