وسیم اکرم کو بیٹے یاد آنے لگے

August 03, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کو پاکستان سے باہر موجود اپنے بیٹوں اکبر اور تیمور کی یاد ستانے لگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دونوں بیٹوں کی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بیٹوں سے بہت دور ہوں لیکن وہ ہمیشہ میرے دل کے قریب رہتے ہیں۔‘

انہوں نے لکھا کہ اپنے بیٹوں کو یوں صحتمند طریقے سے بڑھتے دیکھنا میری خوشی اور فخر کے احساس میں اضافہ کرتا ہے۔

وسیم اکرم کے ٹوئٹ پر اُن کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی وسیم اکرم کے سابقہ اہلیہ سے بچوں کیلئے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ وسیم اکرم نے شنیرا سے قبل ہما مفتی سے 12 اکتوبر 1993 کو پسند کی شادی کی تھی۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی ہما نے وسیم کو پہلی بار لندن میں لنکا شائر کیلئے کھیلتے ہوئے دیکھا تھا۔ دونوں کی دوستی ہوئی جس کے بعد وہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ ان کی بارات کراچی اور ولیمہ لاہور میں ہوا تھا۔ دونوں کے 2 بیٹے تیمور اور اکبر ہیں ۔

انگلش لٹریچر اورسائیکالوجی میں ماسٹر ڈگری رکھنے والی ماہر نفسیات ہما نے کچھ عرصہ شوکت خانم میموریل اسپتال میں بھی کام کیا۔

اکتوبر 2009 میں علالت کے باعث لاہورکے اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد وسیم اکرم چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ڈاکٹر اور نرس کی موجودگی میں ہما کوسنگا پور لیکرجا رہے تھے کہ ان کی حالت تشویشناک ہوجانے پر بھارت لے جایا گیا جہاں چند روز زیرعلاج رہنے کے بعد ہما اکرم 42 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں ۔

لیجنڈ کرکٹر نے سال 2013 میں آسٹریلوی نژاد شنیرا اکرم سے شادی کی جن سے ان کی ایک بیٹی عائلہ ہے۔ عائلہ کی پیدائش 2014 میں ہوئی تھی۔