کشمیریوں پر مظالم کیخلاف کل بھارتی سفاتخانہ برسلز پر مظاہرہ ہوگا

August 04, 2020

برسلز (حافظ انیب راشد )مقبوضہ کشمیر میں مسلسل لاک ڈاؤن کا ایک سال پورا ہونے پر پانچ کل دن گیارہ بجے برسلز میں بھارتی سفارتخانہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ مظاہرے کا اہتمام کشمیرکونسل ای یو، بلجیم میں مقیم کشمیری برادری دیگر سماجی تظیموں کے تعاون سے کررہی ہے۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کا علاقہ گذشتہ سال پانچ اگست سے مسلسل لاک ڈاؤن اور شہری آزادیوں پر پابندیوں کا شکار ہے۔ پانچ اگست 2019 کو بھارت کی متعصب مودی حکومت نے بھارتی آئین میں ترمیم کرکے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ بھارت نے اکتوبر1947 ء میں جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا جس کے خلاف کشمیریوں نے جدوجہد شروع کی جو اب بھی جاری ہے۔ اب بھارت نے ایک سال پہلے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اور مقبوضہ علاقے کو تین حصوں میں تقسیم کرکے وہاں کے لوگوں کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ بھارت نے کشمیر کے عوام کی خواہشات کے برعکس سات دہائیوں سے کشمیر پر قبضہ برقرار رکھا ہوا ہے اور کشمیری بھارتی مظالم کا سامنا کررہے ہیں۔ آج کشمیری عوام بھارتی ناجائز تسلط کے خلاف اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ بھارت ان پر سنگین ظلم کررہاہے۔ مرد و زن عورتیں اور بچے بھارتی مظالم کے شکار ہیں۔ لوگ ماورائے عدالت بھارتی فورسز کے ہاتھوں قتل ہورہے ہیں اور بے شمار لوگ بے جرم و خطا بھارتی جیلوں میں پابند سلاسل ہیں۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے، خاص طور پر عالمی برادری کشمیریوں پر مظالم بند کروائے اور ان کا حق خود ارادیت دلوانے میں ان کی مدد کرے۔