نواز شریف خود نہیں چاہتے کوئی اسوقت حکومت کو گرا دے، تجزیہ کار

August 05, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال کیا یہ واضح ہے کہ اپوزیشن حکومت کو 5سال پورے کرنے دے گی؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ نواز شریف خود نہیں چاہتے کہ کوئی اس وقت حکومت کو گرادے، انہیں پتا ہے کہ یہ حکومت اپنے بوجھ تلے خود دب جائے گی۔

نواز شریف گارنٹی شریف ہیں ان کی تاریخ گارنٹیو ں کی ہے، اپوزیشن کہیں نہیں ہے اگر ہے تو اس کے پلے کچھ نہیں ہے،مظہر عباس نے کہا کہ اپوزیشن کے حکومت کیخلاف دعوے دعوے ہی رہیں گے، پی ٹی آئی حکومت اور عثمان بزدار اپنی مدت پوری کریں گے، بہت سے ادوار دیکھے لیکن اتنی کنفیوز، ڈسٹرب اور منتشر اپوزیشن آج تک نہیں دیکھی، شریفوں کا ڈی این اے اپوزیشن کانہیں ہے، پیپلز پارٹی کی بھی احتجاج کی روایت بینظیر بھٹو کے بعد ختم ہوگئی ہے۔

آصف زرداری کے بعد پیپلز پارٹی کم و بیش ن لیگ کا دوسرا چہرہ بن گئی ہے، عمران خان کیلئے اتحادیوں کے علاوہ کوئی خطرہ نہیں اور اتحادیوں کو سنبھالنے والے موجود ہیں۔ بابر ستار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا حکومت کو گرانا ہی اس کے موثر کردار کا ثبوت نہیں ہوتا۔

اپوزیشن کے موثر کردار میں حکومت کااحتساب، غلط پالیسیوں اور اقدامات پر تنقید اور متبادل پلان دینا شامل ہوتا ہے، اب یہ بحث نہیں ہے کہ اپوزیشن حکومت گراسکتی ہے یا نہیں بلکہ یہ ہے کہ حکومت میں سویلین لوگوں کی جگہ کس نے لینی ہے۔