عید کے بعد پنجاب میں کورونا کے نئے مریضوں کی تعداد میں معمولی اضافہ

August 06, 2020

عید کے بعد پنجاب میں کورونا کے نئے مریضوں کی تعداد میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ صوبے میں آج کورونا کے 276 مریض سامنے آئے۔

محکمہ صحت پنجاب کے اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 93 ہزار 847 تک پہنچ گئی ہے۔

سیکرٹری صحت محمد عثمان کا کہنا ہے کہ عید پر مریضوں کی تعداد میں معمولی اضافے کی توقع تھی، یہ صورت حال تشویشناک نہیں ہے، 4 سے 5 روز تک صورتحال کو مانیٹر کریں گے۔

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 5 اگست کو پنجاب میں مریضوں کی کل تعداد 93 ہزار 571 تھی جو پچھلے 24 گھنٹوں میں بڑھ کر 93 ہزار 847 ہوگئی، اس طرح 276 کیس زیادہ ہوگئے۔

لاہور میں بھی 24 گھنٹوں میں یہ تعداد 52 سے بڑھ کر ایک سو ہوگئی، عید کے اگلے روز 106، 3 اگست کو 24 اور 4 اگست کو 139 مریض زیادہ بڑھے۔

اس بارے میں سیکرٹری ہیلتھ کیپٹن ریٹائرڈ عثمان کا کہنا ہے کہ مریض بڑھنے کے پیش نظر لاک ڈاؤن کیا گیا تھا لیکن اتنے مریض بڑھنے کی توقع تھی۔ ابھی چارسے پانچ روز مزید مانیٹر کریں گے۔ اگر مریض بڑھے تو اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت صرف ان مریضوں کا کورونا ٹیسٹ کیا جاتا ہے جن میں علامات ہوں۔ پازیٹیو آنے کی صورت میں ان کے اہل خانہ کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ یہ ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائن کے مطابق کیا جاتا ہے۔