پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر سبکدوش ، وی سی کی الوداعی ملاقاتیں

August 07, 2020

پشاور (خصوصی نامہ نگار) جامعہ پشاور کے سبکدوش ہونے والے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان نے اساتذہ تنظیم پیوٹا، انتظامی افسران ، رجسٹرار ، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عابد اور جناح کالج کے سٹاف و فیکلٹی سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ پشاوریونیورسٹی میں لگ بھگ 45سال گزارنے کے بعد اس عظیم درسگاہ کو خیر باد کہتے ہوئے ایک خیر سگالی کا جذبہ چھوڑے جارہے ہیں، طلباء و طالبات ، اساتذہ اور انتظامی افسران ذاتی مفادات اور تنگ نظری کو بالائے طاق رکھ کر جامعہ پشاور کی ترقی کیلئے کوششیں کریں۔انہوںنے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عابد اور رجسٹرار پروفیسر یورید احسن ضیاء کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اساتذہ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا جس کیلئے ہر شعبے کے سربراہ اور ہر ڈین کو شب و روز وقف کرنے ہوں گے ۔اساتذہ گروپ نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔