بلوچستان: 25 اضلاع میں انسداد پولیو مہم 17 اگست سے شروع ہوگی

August 07, 2020

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 25 اضلاع میں انسداد پولیو کی چھ روزہ مہم 17 اگست سے شروع ہوگی۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق بلوچستان کے 35 اضلاع میں مہم کے لیے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں، انسداد پولیو مہم 22 اگست تک جاری رہے گی۔

کورونا کی وباء پر کافی حد تک کنٹرول کے بعد انسداد پولیو کی یہ پہلی مہم ہے۔ اس سے قبل گذ شتہ ماہ آزمائشی بنیادوں پر کوئٹہ کی 10یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم چلائی گئی تھی۔

انسداد پولیو کی یہ مہم کوئٹہ، قلعہ عبداللّٰہ، پشین، ہرنائی، سبّی، لورالائی، زیارت، قلعہ سیف اللّٰہ، بارکھان، موسیٰ خیل سمیت دیگر اضلاع میں چلائی جائے گی۔

کوئٹہ، قلعہ عبدا للّٰہ اور پشین کے ماحول اور سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی ثابت ہوئی ہے۔ جس کی وجہ سے ان شہروں میں پولیو پھیلنے کا خدشہ ہے۔

یاد رہے کہ بلوچستان میں رواں سال پولیو کے 15 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔