’’یوم استحصال‘‘ پر وکٹوریہ اسکوائر پر بڑا احتجاجی مظاہرہ

August 09, 2020

​ برمنگھم( آصف محمود براہٹلوی) یوم استحصال مقبوضہ کشمیر پوری دنیا میں منایا گیا۔اس موقع پر برٹش کشمیریوں کے پلیٹ فارم سے یورپ کی سب سے بڑی لوکل اتھارٹی برمنگھم سٹی کونسل کے تاریخی وکٹوریہ ا سکوائر پر پرامن احتجاجی مظاہرہ اور آزادی مارچ کیا گیا جس میں رنگ و نسل سیاسی و نظریاتی اختلافات سے بالا تر ہو کر مقبوضہ جموں و کشمیر کےمظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ شرکاء احتجاجی مظاہرہ اور آزادی مارچ کا کہنا تھا کہ بھارت کی ایک ملین مسلح افواج مقبوضہ کشمیر میں شکست کھا چکی ہے، انھیں کورونا وائرس کے باعث دوہرے لاک ڈاؤن کا سامنا ہے، کشمیری آزادی کے سوائے تمام آپشن مسترد کر چکے ہیں، بھارت کو کشمیریوں کا حق خود ارادیت تسلیم کرنا ہو گا، آرگنائزر اوورسیز کوآرڈینیٹر وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ امجد خان، تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، پی پی شعبہ خواتین برطانیہ کی صدر انجم جرال، لیاقت لون،ناظم بھٹی،وقار اسلم کیانی اور دیگر نے یورپ کی سب سے بڑی کونسل کےسامنے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کے پلیٹ فورم پر سب سے طویل ترین حل طلب مسئلہ ہے، اگر اب بھی اس مسئلہ کو حل نہ کیا گیا تو جنوبی ایشیائی خطہ کو ایٹمی جنگ سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ اب بھی چین، پاکستان اور بھارت تین ایٹمی قوتوں کے درمیان سرحدوں پر کشیدگی جاری ہے۔ احتجاجی مظاہرہ کے پرامن انعقاد کے بعد آزادی مارچ کا آغاز کیا گیا، آزادی مارچ کےہزاروں شرکا ہاتھوں میں پرچم، بینرز، کتبے اٹھائے نعرے بلند کرتے مخصوص شاہراؤں پر رواں دواں رہے، شرکاء کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔آرٹیکلز 370 اور 35 A کی بحالی اور حق خود ارادیت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ مقبوضہ کشمیر سے دس لاکھ بھارتی فوج کو کوئی دوسری فوج ہی نکال سکتی ہے، عوام تو پرامن احتجاج سے مسئلہ اجاگر کر سکتے ہیں۔ وسیم ظفر۔ ایم ای پی فل بینن، جگجیت سنگھ، راجہ تجمل نوابی، نائلہ عظمت،آسیہ حسین، غزالہ خان، زبیدہ خان، پی وائی او کے صدر یاسر بلال چوہدری،سینئر نائب صدر پی پی برطانیہ واجد برکی، سینئر نائب صدر پی پی برمنگھم چوہدری شبیر، خواجہ محمود صابری، راجہ فضل الرحمن والسل، عاشق کاظمی، پی ٹی آئی مڈلینڈ جنرل سیکرٹری رئوف مغل،خواجہ انعام الحق، ناظم بھٹی، راجہ جاوید انکروی، زاہد چوہدری، چوہدری شریف، اقدس مغل،چوہدری رمضان،نائب امیر جماعت اسلامی راجہ جہانگیر خان، محمد غالب، ایوب مسلم، وقار اسلم کیانی، مولانا رشید نعمانی، غفارت شاہد، خالد جونوی،وقار اسلم کیانی، نائب مغل کوآرڈینیٹر پی پی کشمیر کمیٹی نےبھی شرکت کی۔ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مارچ مختلف شاہراؤں سے ہوتا ہوا واپس سٹی کونسل ہاؤس پہنچا۔