حکومت کو ٹائیگر فورس ڈے مناتے شرم آنی چاہیے، عظمیٰ بخاری

August 09, 2020

حکومت کو ٹائیگر فورس ڈے مناتے شرم آنی چاہیے، عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ حکومت کو ٹائیگر فورس ڈے مناتے شرم آنی چاہیے، اس فورس کے اہلکار کورونا لاک ڈاؤن کی آڑ میں رشوت لیتے نظر آئے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے اہلکاروں کے رشوت لینے کے 3 واقعات صرف لاہور میں سامنے آئے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بزدار صاحب کے پی کے کا بلین ٹری منصوبہ بری طرح پٹ چکا ہے، ملکی و غیر ملکی میڈیا نے بلین ٹری میں کے پی حکومت کی کرپشن بے نقاب کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک بلین ٹری منصوبے میں لمبی دیہاڑی لگا کر منظرِ عام سے غائب ہیں، جبکہ گزشتہ سال سرسبز پنجاب مہم کے دوران لگائے گئے پودے گل سڑ گئے ہیں۔

ترجمان نون لیگ نے کہا کہ عثمان بزدار اب سرسبز پنجاب کےنام پر مال بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ شہباز شریف نے پنجاب فاریسٹ کے نام سے جنوبی پنجاب میں میگا پروجیکٹ شروع کیا اور اس منصوبے کا 50 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بزدار صاحب آپ نے حسد، بغض پر جنوبی پنجاب فاریسٹ منصوبہ بند کر دیا ہے۔