پی وی ایم سی میں ازخود 20فیصد تنخواہوں میں اضافے کا انکشاف

August 10, 2020

اسلام آباد (ساجد چوہدری ) پاکستان ویٹنری میڈیکل کونسل (پی وی ایم سی) میں یوٹیلیٹی الائونس کے نام پر ازخود 20فیصد تنخواہوں میں اضافے کاانکشاف ہوا ہے،صدر کونسل اور فنانس ڈویژن کی منظوری بغیر یوٹیلیٹی الائونس کے نام پر اضافہ کیا گیا ذرائع کے مطابق فروری 2020ء سے پی وی ایم سی کے تمام ملازمین بشمول رجسٹرار کونسل کی تنخواہوں میں یوٹیلیٹی الائونس کے نام پر 20فیصد کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے پی وی ایم سی کے صدر بھی لاعلم رہے ، پی وی ایم سی ملازمین کی تنخواہوں کیلئے گرانٹ حکومت سے حاصل کر رہی ہے اور بغیر فنانس ڈویژن کی منظوری کے کوئی بھی اضافی الائونس نہیں لے سکتے، بعض ملازمین کی تنخواہوں میں ماہانہ تیرہ ہزار روپے تک اضافہ ہوا ، ذرائع کے مطابق فنانس ڈویژن کی منظوری کے بعد رجسٹرار کونسل کے علم میں لائے بغیر بیس فیصد تنخواہوں میں اضافہ ناممکن عمل ہے اور پھر صدر کونسل حتمی منظوری دیتا ہے،صدر پی وی ایم سی پروفیسر ڈاکٹر مسعود ربانی کا اس بارے میں کہنا تھا کہ جونہی ان کے علم میں یہ غیرقانونی اقدام آیا انہوں نے فوری طور پر نہ صرف بڑھنے والا 20فیصد یوٹیلیٹی الائونس رکوا دیا بلکہ اس کی ریکوری کا عمل بھی شروع کروا دیا ہے ، متعلقہ اکائونٹنٹ کو معطل کر دیا گیا جبکہ سابق سیکرٹری و رجسٹرار میجر شوکت یاب خان اور اکائونٹنٹ محمد آصف سے اس حوالے سے جواب طلبی کی ہے مگر انہوں نے تاحال جواب ہی نہیں دیا ہے ۔