چمکدار جلد کیلئے چاکلیٹ فیشل کریں

August 10, 2020

بڑوں چھوٹوں سب ہی کی پسندیدہ چاکلیٹ اگر اعتدال میں رہ کر کھائی جائے تو یہ صحت کے لیے نہایت مفید ہے جبکہ چہرے کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے چاکلیٹ کو ماسک کے طور پر لگایا بھی جا سکتا ہے ۔

ہماری زندگیوں میں چاکلیٹ کو خاص اہمیت حاصل ہے، ہر خوشی کے موقع پر گفٹ سے لے کر میٹھے کےطور پر بھی اس کا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ اس پر کی جانے والی ریسرچ آئے دن اس کے استعمال کے فوائد میں مزید اضافہ کر رہی ہے ۔

ماہرین جلدی امراض کے مطابق چاکلیٹ کے ذریعے جلد کی خوبصورتی بڑھانے کا عمل صدیوں پرانا ہے، چاکلیٹ کو براہ راست جلد پر لگایا جا سکتا ہے، چاکلیٹ کھانے سے جہاں مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں وہیں اسے چہرے پر لگانے کے بھی کئی فوائد ہیں جن میں جلد کا بے داغ اور چمکدار ہونا سر فہرست ہے ۔

اسی نکتے کو مد نظر رکھتے ہوئے چاکلیٹ کا فیشل بھی اب متعدد بیوٹی سلون میں متعارف کروایا جا رہا ہے ۔

جلد پر چاکلیٹ کے استعمال سے کیا فوائد حاصل ہوتے ہیں ؟

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جیسے کے چاکلیٹ کی متعدد اقسام ہیں جن میں سے ڈارک چاکلیٹ کھانے سے مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں وہیں ڈارک چاکلیٹ کو اسکن پر لگانے سے بھی جلد کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے ۔

ماہر جلدی امراض ڈاکٹر روہتاج کے مطابق ڈارک چاکلیٹ میں کوکوا جز پائے جانے کے سبب ڈارک چاکلیٹ جلد کے لیے ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ ثابت ہوتی ہے ، کوکوا کی موجودگی فلاوونائیڈز کی مقدار میں اضافہ کرتی ہے ، فلاوونائیڈز جز اسکن کے متاثرہ خلیوں کی صحت بحال کرنے اور زخموں کو بھرنے میں مدد فراہم کرتا ہے ۔

چاکلیٹ میں فلاوونائیڈز کی موجودگی کولاجن کی کارکردگی کو بہتر بناتی ہے جس کے سبب چاکلیٹ کو براہ راست چہرے پر لگانے سے چہرہ ترو تازہ ، شاداب اور جلد پر سکون نظر آتی ہے۔

ڈاکٹر روہتاج کا کہنا ہے کہ ڈارک چاکلیٹ میں زنک کی وافر مقدار پائے جانے کے سبب بھی اس کا جلد پر براہ راست استعمال جلد کو صاف شفاف اور پر سکون بنا نے کے لیے مفید ہے ۔

ڈارک چاکلیٹ کو جلد پر کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے ؟

چاکلیٹ سے فیشل گھر میں بھی کیا جا سکتا ہے، ڈارک چاکلیٹ کو اپنی جلد کی قسم کے مطابق اس میں کچھ تبدیلیاں کر کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

چکنی جلد کے لیے چاکلیٹ فیشل کا استعمال

چکنی جلد حساس جلد کی ایک قسم ہے، چکنی جلد رکھنے والے افراد کو چہرے پر کچھ بھی لگانے سے پہلے اپنے معالج سے رابطہ کرنا چاہیے۔

آئلی اسکن والے افراد ڈارک چاکلیٹ کا استعمال اپنی جلد پر کرنے کے لیے اس میں ملتانی مٹی اور لیموں کا رس ملا کر کر سکے ہیں ۔

حسب ضرور ت ( اپنے چہرے کے مطابق ) ملتانی مٹی اور ڈارک چاکلیٹ کو مکس کر لیں اب اس میں لیموں کے رس کے چند قطرے ملائیں اور چہرے پر لگا لیں ، سوکھنے پر چہرہ صاف ٹھنڈے پانی سے دھو لیں ۔

خشک جلد والے افراد جلد پر چاکلیٹ کا استعمال کیسے کریں ؟

خشک جلد والے افراد اپنی جلد کو ہائیڈریٹڈ رکھنے کے لیے ڈارک چاکلیٹ میں دودھ ملا کر اس کا استعمال کر سکتے ہیں، اس میں زیتون کا تیل یا شہد بھی ملایا جا سکتا ہے ۔

زیتون اور شہد دونوں ہی قدرتی بہترین موسچرائزر ہیں ۔