اسکاٹ لینڈ میں آج 11اگست سے اسکول کھل رہے ہیں

August 11, 2020

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں آج منگل 11اگست سے تمام اسکول کھل رہے ہیں۔ اسکاٹش حکومت کی سربراہ نکولا سٹرجن نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ تمام کونسلوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ 18اگست تک لازمی طور پر اسکول کھول دیں۔ واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ میں اسکولوں کو 5ماہ کے وقفے کے بعد شروع کیا جارہا ہے لیکن بعض حلقوں خصوصاً اساتذہ کی ایک بڑی تعداد کے اسکول کھولنے پر خاصے تحفظات ہیں۔ 780اساتذہ پر کئے گئے ایک سروے کے مطابق 45فیصد نے کہا کہ بچوں کو اس وقت اسکول بھیجنا ابھی پوری طرح محفوظ نہیں جب کہ 42فیصد نے غیر یقینی کا اظہار کیا۔ نکولا سٹرجن نے کہا کہ وہ اساتذہ کے ان تحفظات کو سمجھتی ہیں اور حکومت کی یونین کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے کہ کیا بچوں کی حفاظت کے لئے کچھ مزید اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 15سال سے کم عمر کے بچوں میں کوویڈ 19 کے کیسز ایک فیصد سے بھی کم پائے گئے ہیں جب کہ 20 سال سے کم عمر کے افراد میں یہ تعداد دو فیصد ہے، نکولا سٹرجن کا کہنا تھا کہ ہم نے جس صورتحال کا سامنا کیا ہے اس کے پیش نظر بچوں کے اسکول واپس جانے پر کسی حد تک بے چینی تو محسوس کی جائے گی۔ دریں اثناء برطانیہ کے ایجوکیشن سیکرٹری گیون ولیم سن نے کہا ہے کہ اس بات کے شواہد نہایت ہی معمولی ہیں کہ اسکولوں میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے امکانات ہیں، ہم اگلے ماہ اسکول کھول رہے ہیں اور اس سلسلہ میں جدید ترین سائنس سے رہنمائی حاصل کی جارہی ہے۔