KPT میں 394؍ اسامیاں ، کراچی کیلئے ایک بھی نہیں

August 11, 2020

کراچی (نیوزڈیسک) کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) میں 394اسامیوں کے اشتہار پر تنازع کھڑا ہوگیاکیونکہ کراچی والوں کیلئے اس میں ایک بھی اسامی نہیں ہے۔ وزارت بحری امور نے معاملہ طے ہونے تک بھرتیاں روکنے کی ہدایت کردی۔ کراچی میں واقع بندرگاہ کے انتظام و انصرام کے ادارےکے پی ٹی کی جانب سے 394 اسامیوں کے لیے اشتہار دیا گیا تھا جس میں کراچی کے ڈومیسائل کے لیے ایک اسامی بھی نہیں ہے۔ کے پی ٹی کی جانب سے دیئے گئے اشتہارکے مطابق مختلف ٹیکنیکل اور نان ٹیکنیکل اسامیوں کے لیے کراچی کا ڈومیسائل رکھنے والا درخواست کا اہل نہیں ہے۔ اشتہار کا تنازع کھڑا ہونے پر وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کے پی ٹی سے ملازمین کےکوٹے کی تفصیلات طلب کرلیں۔ وزارت بحری امور کا کہنا ہے کہ بتایا جائے کہ کے پی ٹی نےکوٹے کااندازہ کیسے لگایا ہے؟ وزارت بحری امور کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ کوٹے کا معاملہ طے ہونے تک بھرتیاں نہ کی جائیں۔ اس سے قبل اشتہارپر تنقید کے بعد کے پی ٹی ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ میں سندھ اربن ڈومیسائل کے افراد پہلے ہی زیادہ ہیں اور سندھ اربن کا 7فیصد کوٹہ ہے لیکن بھرتیاں 60فیصد ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر 2012ء میں ہونے والی 3000ہزار بھرتیوں کو ہٹائیں تو بھی سندھ اربن کوٹہ زائد ہے۔