لٹل ماسٹر حنیف محمد کو ہم سے بچھڑے 4 سال بیت گئے

August 11, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان لٹل ماسٹر حنیف محمد کو ہم سے بچھڑے چار سال گزر گئے، آج ان کی چوتھی برسی منائی جارہی ہے، ان کے بیٹے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد چار سال سے روزانہ ان کی قبر پر حاضری دیتے ہیں۔

اُن کے بھائی وزیر محمد کا کہنا ہے کہ حنیف محمد اچھے کرکٹر اور بھائی کے ساتھ ساتھ بہترین دوست بھی تھے۔

حنیف محمد سرطان کے مرض کی وجہ سے طویل عرصے بستر علالت پر رہے، 11 اگست 2016 کو 81 سال کی عمر میں وہ اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

حنیف محمد نے 55 ٹیسٹ میچوں میں 3915 رنز بنائے، جن میں 12 سنچریاں اور 15 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ان کی سب سے بڑی وجہ شہرت ان کی وہ طویل اننگز ہے جو انھوں نے برج ٹاؤن میں 58-1957 کی سیریز میں کھیلی تھی۔

990 منٹ پر محیط اس اننگز کا ریکارڈ آج بھی ٹیسٹ کرکٹ کی طویل ترین اننگز کے طور پر قائم ہے جس کے دوران انہوں نے 337 رنز بنائے تھے۔

وہ ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں پاکستانی کرکٹ کا اولین سپر اسٹار کہا جا سکتا ہے۔