کراچی میں ہفتے سے انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ

August 13, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کراچی میں انسداد پولیو مہم 15 اگست سے شروع کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مہم کے دوران کراچی کی 192 یونین کونسلوں میں پانچ سال عمر تک کے23 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ اس بات کا فیصلہ کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس مین کیا گیا۔ اجلاس میں کوآرڈینٹر ایمر جنسی آپریشن سینٹر فیاض عباسی،کمشنر کراچی ٹاسک فورس کے کو آرڈی نیٹر ڈاکڑ سہیل میمن، عالمی ادارہ صحت ، یونیسف اور بل گیٹس اینڈ ملنڈا فاؤنڈیشن کے نمائندے ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران محکمہ صحت ، پولیس رینجرز کے افسران اور دیگر نے شر کت کی۔کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مہم کو کامیاب بنانے کے لئے کمیونٹی کے رہنماؤں کا تعاون حا صل کریں ان سے مشاورت سے کام کریں انھوں نے کہا کہ گھر گھر جاکر پولیو کے قطرے پلانے والے رضاکاروں کے تربیتی تقاضے پورے کئے جائیں۔