میٹرک اور انٹر کے طلبہ کو بغیر امتحانات پاس کرنے کا مراسلہ جاری

August 13, 2020

کراچی( سید محمد عسکری ) محکمہ بورڈز و جامعات نے کورونا کی صورتحال کے تناظر میں بغیر امتحانات کے امیدواروں کو میٹرک اور انٹر کی سطح پر پاس کرنے کا مراسلہ جاری کردیا ہے جس میں سندھ کے ٹیکنیکل بورڈ سمیت تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایت کی گئی ہیں کہ سندھ اسمبلی نے بل کی منظوری دیدی ہے چنانچہ اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات فوری بروئے کار لائے جائیں۔ بل کے مطابق حکومت کی جانب سے عالمی وباء یا ملکی وبائی امراض یا ہنگامی حالت کے نفاذ کی صورت میں بورڈ کو سرٹیفکیٹ ڈپلومہ دینے کا اختیار ہوگا اور یہ اختیار بغیر امتحان کے حاصل ہوگا۔ اس حوالے سے اسمبلی نے ٹیکنیکل بورڈ کے ایکٹ 70 اور میٹرک و انٹر بورڈز کے ایکٹ 72میں ترمیم کی باقاعدہ منظوری دی جس کے تحت عالمی وباء کورونا کے مرض کے باعث تعلیمی بورڈز کو بغیر امتحان لئے طلبہ کو پاس کرنے کا اختیار مل گیا ہے۔ محکمہ بورڈز و جامعات کے اس مراسلے کے تناظر میں اب سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز بغیر امتحان کے طلبہ کی مارکس شیٹ اور سرٹیفکیٹ یا ڈپلومہ جاری کرسکیں گے۔ سندھ کے ایک تعلیمی بورڈ کے چیئرمین کے مطابق نتائج تاخیر کا شکار تھے اور ہم نتائج کے اجراء اور مارک شیٹ تیار کرنے کے سلسلے میں اس مراسلے کا بے چینی سے انتظار کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب بورڈ 10سے 15 روز میٹرک اور انٹر کے طلبہ کی مارکس شیٹ تیار کرکے جاری کردے گا۔