دریائے سیورن میں پانی کی سطح بلند ہونےسے سٹیفورڈ میں ہنگامی حالت

August 15, 2020

سٹیفورڈ(مریم فیصل) مسلسل بارشوں سے دریائے سیورن میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سٹیفورڈ میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ سٹیفورڈ کے داخلی اور خارجی راستوں پر پانی کھڑا ہونے کے باعث آنے جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامناہے ۔ کھڑے پانی میں گاڑیاں بھی بند ہورہی ہیں۔دریاے سیورن میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے سٹیفورڈ اور گرد و نواح کے علاقوں کے لئے مزید فلڈ وارننگز جاری کر دی گئی ہیں ۔ دریا کی سطح گزشتہ روز 4.23mتک ریکارڈ کی گئی تھی اور پانی کی سطح اتنی بلند ہونے کا مطلب ہے گھر اور دوکانیں بھی سیلاب کی زد میں آسکتی ہیں۔سٹیفورڈ میں کچھ جگہیں جن کا سیلاب سے نقصان کا زیادہ اندیشہ ہوتا ہے وہاں ابھی بھی پانی کھڑا ہے اور گورنمنٹ ترجمان کی جاری کردہ وارننگ کے مطابق دریا میں پانی کی سطح رواں ہفتے بھی بلند رہنے کا امکان ہے کیونکہ بارشوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔ سٹیفورڈ کا ہاکی اور کرکٹ گراونڈ بھی سیلاب کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔ گراونڈ کو رواں ماہ کھولے جانے کا کہا گیا تھا تاہم مزید بارشوں سے گراؤنڈ میں مزید پانی جمع ہوگیا ہے اور مسلسل بارشوں سے پانی ہٹانے کا عمل سست روی کا شکار ہو رہا ہے ۔ تاہم گراونڈ انتظامیہ کے مطابق صفائی کا کام شروع ہوگیا ہے امید ہے کہ جلد ہی گراونڈ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا آغاز ہوجائےگا۔