استحکام پاکستان کیلئے سب تعمیری کردار ادا کریں‘شوکت یوسفزئی

August 15, 2020

پشاور(نیوزڈیسک)صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہئیے کہ وطن عزیز کی ترقی اور خوش حالی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔آزادی کا دن ہم سے یہ تقاضا بھی کرتا ہے کہ قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذاتی اختلافات سے قطع نظر استحکام پاکستان کے لئے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو میں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے اس موقع پر کیک بھی کاٹا۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بی آر ٹی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کئی دہائیوں تک حکمران رہنے والے وطن کو تباہی سے دوچار کرنے میں مصروف رہے لیکن پی ٹی آئی حکومت نے ایک نیا پاکستان بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے اور بی آر ٹی کے قیام کے بعد پشاور میٹروپولیٹن شہر بن گیا ہے جبکہ جلد ہی اب سرکلر ٹرین منصوبہ پر کام کا آغاز کر دیا جائیگا جس کے ذریعہ کئی شہر آپس میں مل جائینگے۔ شوکت یوسفزئی نے مولانا فضل الرحمان، بلاول زرداری بھٹو اور دیگر سیاسی جماعتوں کے راہنماؤںکو بی آر ٹی پر سفرکرنے کی دعوت بھی دی۔صوبائی وزیر نے چینی سفیر یاؤ جنگ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر مبارک باد کا پیغام دیا انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان دو عظیم ہمسایہ ممالک ہیں اور ایک دوسرے کے کام آتے ہیں ۔شوکت یوسفزئی نے یقین ظاہر کیا کہ چین پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔