فواد چوہدری کی ہندوستان کے شہریوں کو آزادی کی مبارکباد

August 15, 2020

فواد چوہدری کی ہندوستان کے شہریوں کو آزادی کی مبارکباد

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ہندوستان کے شہریوں کو آزادی کے دن کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ ایک دن آئیگا جب آپ اس خوف سےبھی آزاد ہوں گے جس میں مودی اور آر ایس ایس نے بھارت کو جکڑ رکھا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ایک دن آئے گا جب پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے شہریوں کیلئے ایسے ہی کھل جائیں گے جیسے قائداعظم اور گاندھی جی نے سوچا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج کشمیریوں کیلئے آزادی ایک خواب ہے لیکن یقین کیجئے آزادی کی لڑائی نسلیں لڑتی ہیں، لمبی ہے غم کی رات مگر رات ہی تو ہے، انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری آزادی کا دن پاکستان کے ساتھ منا رہے ہوں گے اور ہم دیکھیں گے۔۔ہم دیکھیں گے ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر منٹو، عصمت چغتائی ، خشونت سنگھ ، بپسی سدھوا کی کتابیں اور افسانے پڑھیں تو لوگوں کو معلوم ہو کیا قیامتیں تھیں جو خاندانوں پر گزریں ۔

ان کاکہنا تھا کہ آزادی جو ہم مناتے ہیں اس کی قیمت لاکھوں لوگوں نے اپنے لہو سے ادا کی پنجاب کے دریاؤں میں کیسے پانی کی جگہ خون کی ندیاں بہیں اور بنگال کیسے سرخ ہوا۔