صحت انصاف کارڈ پر کس کا جھنڈا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

August 20, 2020

صحت انصاف کارڈ پر کس کا جھنڈا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ،آئی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے جھنڈے کی کلر اسکیم والے انصاف صحت کارڈ کی تشہیر کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ چیف جسٹس نےریمارکس دئیےکہ صحت انصاف کارڈ پر کس کا جھنڈا ہے؟ یہی تو تشہیر ہے اورآپ سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کررہے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کی منشا یہ ہے کہ پبلک فنڈ سے کوئی اپنی تشہیر نہیں کر سکتا، گزشتہ روز چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کی سماعت کی تو چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسارکیاکہ وفاق کی جانب سے کمنٹس فائل کئے گئے؟،ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ نے وزارت صحت کی جانب سے تحریری جواب داخل کیا ، چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے وزارت صحت کا جمع کرایا گیا جواب پڑھا ہے؟ وہ تو کہہ رہے ہیں کہ وزیر نے خلاف ورزی کی،ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ صحت کارڈ پر تصویر ہے نہ سلوگن اور نہ ہی پارٹی کا جھنڈا ، صحت کارڈ پرپی ٹی آئی جھنڈے کی کلر اسکیم والا رنگ اتفاقی ہے۔