کراچی میں چاند آنکھ سے نظر نہیں آیا، فیصلہ دور بین سے دیکھ کر کیا گیا، فواد چوہدری

August 20, 2020

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا چاند کراچی میں آنکھ سے دکھائی نہیں دیا، اس کی رویت کا فیصلہ دوربین سے دیکھ کر کیا گیا۔

گزشتہ چند ماہ سے رویت ہلال کمیٹی اور وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے چاند کی رویت سے متعلق ایک دوسرے پر بیانات کی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

آج محرم الحرام کے چاند کی رویت کے بعد بھی وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اس سے متعلق سوشل میڈیا پر بیان داغ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج محرم الحرام کے مہینے کا چاند کراچی میں آنکھ سے نظر نہیں آیا۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی نے دوربین سے چاند دیکھنے کے حق میں فیصلہ کیا۔

انھوں نے ساتھ میں یہ بھی کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کا ٹیکنالوجی پر انحصار کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

فواد چوہدری نے اپنے کلینڈر کی درستی کو بیچ میں رکھتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کیلنڈر درست ثابت ہوا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ یہ فیصلہ رویت کے معاملے کو سہل کرے گا۔