بابر اعظم اور عماد وسیم قومی ٹی ٹوئنٹی کے پہلے راؤنڈ میں شریک نہیں ہونگے

August 30, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈےکرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور آل راؤنڈر عماد وسیم انگلش کاؤنٹی کی مصروفیات کی وجہ سے قومی ٹی ٹوئنٹی کا ملتان میں ہونے والے پہلے راؤنڈ میں شریک نہیں ہوں گے۔دونوں اپنی ٹیموں کے کپتان بھی ہیں۔فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا بھی ایک کاونٹی سے معاہدہ آخری مرحلے میں ہے۔بابر اعظم اور عماد وسیم ٹی ٹوئینٹی سیریز کے بعد وطن واپس نہیں آئیں گے۔بابر اعظم سمرسیٹ اور عماد وسیم ناٹنگھم شائر کے لئے کھیلیں گے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ دونوں کو چار اکتوبر تک این او سی جاری کی گئی ہے دونوں کرکٹرز چھ اکتوبر کو پنڈی میں ہونے والے دوسرے راونڈ میں شریک ہوں گے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں کو این او سی پی سی بی کی پالیسی کے تحت جاری کی گئی ہے۔سینٹرل پنجاب کے کوچ شاہد انور اور ناردرن کے کوچ محمد وسیم کی اجازت سے دونوں انگلش بلاسٹ ٹی ٹوئینٹی میں شریک ہوں گے۔قومی ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ٹورنامنٹ پہلی بار ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جارہا ہے۔