سرحدی تنازع، چین بھارت وزرائے دفاع کی ملاقات

September 05, 2020


چین اور بھارت کے درمیان جاری سرحدی تنازع کو حل کرنے کے لیے دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق چین کے وزیرِ دفاع وئے فینگ اور بھارت کے وزیرِ دفاع راج ناتھ کی یہ ملاقات روس کےدارالحکومت ماسکو میں گزشتہ روز ہوئی۔

چین اور بھارت کے وزرائے دفاع نے ماسکو میں ہونے والے ایس سی او اجلاس کے دوران سائیڈ لائن ملاقات کی ہے۔

ماسکو میں 10 ستمبر کو ہونے والے ایس سی او اجلاس کے دوران بھارت اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات بھی متوقع ہے۔

چین بھارت سرحدی کشیدگی کے بعد دونوں ممالک میں یہ پہلااعلیٰ سطح کا رابطہ ہے۔

چینی وزیرِ دفاع وئے فینگ کا گزشتہ روز کی ملاقات کے حوالے سے ایک بیان میں کہنا ہے کہ چین بھارت سرحدی کشیدگی کی پوری ذمے داری بھارت پر عائد ہے، چینی فوج چین کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے باصلاحیت اور پرُ اعتماد ہے۔

چینی وزیر دفاع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چینی سر زمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: بھارت لداخ میں تمام اشتعال انگیز کارروائیاں بند کرے، چین

ماسکو میں دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کی ملاقات کے حوالے سے بھارتی وزارتِ دفاع کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ اس ملاقات میں وزیرِدفاع نے واضح کیا کہ چینی فوج کے اقدامات 2 طرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی ہیں۔

بھارتی وزیرِدفاع راج ناتھ کا کہنا ہے کہ بھارت چین سرحدی علاقوں میں امن کا قیام 2 طرفہ تعلقات میں پیش رفت کے لیے ضروری ہے، دونوں ملکوں کو اختلافات کو تنازع نہیں بننے دینا چاہیے۔

بھارتی وزیرِدفاع نے یہ بھی کہا ہے کہ فریقین کو ایل اے سی پر کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی اور فوجی سطح پر مذاکرات جاری رکھنے چاہئیں۔