ڈینور: 150 سال میں پہلی بار ستمبر میں درجہ حرارت میں غیرمعمولی کمی

September 08, 2020

امریکی ریاست کولوراڈو کے صدر مقام ڈینور میں موسم میں بڑی تبدیلی دیکھی گئی اور ڈیڑھ سو سال میں پہلی بار درجہ حرارت میں غیرمعمولی کمی ہوئی، موسم کی اس تبدیلی کو دیکھ کر مقامی لوگ حیران رہ گئے۔

منگل کو فورٹ کولنز، ڈینور میٹرو ایریا اور انٹر اسٹیٹ 25 کوریڈور کے علاقوں میں برفباری کی توقع کی جارہی ہے۔

ادھر امریکا کے نیشنل ویدر سروس نے کہا ہے کہ ڈینور میں درجہ حرارت ایک دن میں 70 ڈگری تک گر سکتا ہے۔ ڈینور شہر کا 24 گھنٹوں کے اندر درجہ حرارت میں 66 ڈگری تک تبدیلی کا ریکارڈ 1872میں قائم ہوا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ برفباری غیرمعمولی طور پر کافی پہلے شروع ہوگئی جبکہ عمومی طور پر ڈینور میں پہلی برفباری 18 اکتوبر تک شروع ہوتی ہے۔ اس سے قبل ستمبر کے مہینے میں 2014 میں برفباری ہوئی تھی، لیکن اس کی مقدار بہت کم تھی۔