اچھا کام نہ کرنے والے پر تنقید کی جاسکتی ہے، وسیم خان

September 11, 2020

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ کرکٹ پر تنقید کریں لیکن کسی کی ذات کو ہدف بنانا اچھی بات نہیں۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں وسیم خان نے کہا کہ جو اچھا کام نہیں کر رہا، اس پر تنقید کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد پاکستان پہلا ملک ہے، جس نے ڈومیسٹک کا مکمل شیڈول ریلیز کردیا ہے۔

پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی سیفٹی کے لیے ہم بائیو سیکیور ماحول بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی بائیو سیکیور ماحول کے لیے انگلینڈ کے ماہرین کی مدد لے رہا ہے۔

وسیم خان نے یہ بھی کہا کہ کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ ہر سال ڈومیسٹک کھلاڑیوں کا معاوضہ بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی سیریز راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی جبکہ 2021ء میں تمام ہوم سیریز کے لیے راولپنڈی، کراچی، ملتان اور لاہور کے اسٹیڈیمز استعمال ہوں گے۔

پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور کی تزئین و آرائش کرارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم میں اپریل اور مئی میں بنگلادیش کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلا جاسکتا ہے۔ ساؤتھ افریقا کے خلاف جنوری میں ہوم سیریز کے لیے پلاننگ کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان شاہین کی ٹیم بھی قومی ٹیم کے ہمراہ نومبر میں نیوزی لینڈ جارہی ہے، جو وہاں 2 فور ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔