پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے شکوہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کی محبت میں یہاں آئے لیکن جواب میں انہیں وہ محبت نہ مل سکی۔
امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ پاکستان میں مجھ پر ذاتی حملے کیے گئے، میرے اردو لہجے پر تنقید ہوئی، میر ی تنخواہ کو بھی ایشو بنایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ کا سیٹ اپ تبدیل کرنے آئے تھے لیکن شاید پاکستان کے عوام ان کی میزبانی کرنے کو تیار نہیں تھے۔
وسیم خان نے دوران انٹرویو انکشاف کیا کہ بورڈ میٹنگ میں ان کے خلاف احتجاج کیا گیا، کوئٹہ کی میٹنگ میں میری تقرری کی منظوری دی جانی تھی لیکن وہاں بھی شور شرابہ کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران اہلیہ نے گھبرا کر روتے ہوئے فون کیا اور کہا کہ آپ ہر ٹی وی چینل کی ہیڈ لائنز میں ہیں، اس پر اہلیہ کو کہا کہ فکر نہ کرو، سب ٹھیک ہوجائے گا۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ اُن کے بارے میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ اُن کی تقرری ایک بااثر شخص کے کہنے پر کی گئی ہے۔