مسابقتی کمیشن،شوگر ملز ایسوسی ایشن کے اسلام آباد،لاہور دفاتر پر چھاپے

September 15, 2020

اسلام آباد ( کامرس رپور ٹر ) مسابقتی کمیشن نے مسابقت مخالف سرگرمیوں کی تحقیقات کے تناظر میں شوگر ملز ایسوسی ایشن کے اسلام آباد کے دفاتر پر چھاپے مارے اور سرچ انسپکشن کرکے اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا، مسابقتی کمیشن کے مطابق شوگر انڈسٹری میں ممکنہ مسابقت مخالف سرگرمیوں پر جاری تحقیقات کے پسِ منظر میں مسابقتی کمیشن نے شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) کے لاہور اور اسلام آباد کے دفاتر کی تلاشی لی ،سی سی پی نے مسابقت مخالف سرگرمیوں کے حوالے سے ٹھوس معلومات کی بنیاد پرمسابقت ایکٹ (2010) کی دفعہ 34 کے تحت اپنے افسران کو پی ایس ایم اے کے دفاتر کی تلاشی اور اہم ریکارڈ کے معائنے کا اختیار دیا۔ چند اہم مسابقت مخالف سرگرمیوں میں تمام شوگر ملوں کا ایک ساتھ کرشنگ کا 2019-20 کے سیزن کو روکنا، اجتماعی طور پر چینی کی قیمتوں میں ایک ساتھ اضافہ کرنا ، اور یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن (یو ایس سی) کو چینی فراہی سے ایک ساتھ انکار کرنا شامل ہے ۔