لڑکی سے بدسلوکی کا مقدمہ پڑوسی باپ بیٹوں کیخلاف درج

September 16, 2020


کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں لڑکی سے بدسلوکی اور تشدد کا مقدمہ پڑوسی دو بھائیوں اور ان کے والد کےخلاف متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

نارتھ ناظم آباد میں لڑکی سے بدسلوکی کے واقعہ کا مقدمہ نارتھ ناظم آباد تھانے میں متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، پولیس کے مطابق لڑکی نے پولیس کو بیان دیا کہ پڑوسی عماد نے جسم کے مختلف حصوں پر ہاتھ لگایا اور اپنے بھائی فواد کے ساتھ مل کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

لڑکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لڑکوں کے والد نذیرسے شکایت کی تو الٹا انہوں نے گالیاں دینی شروع کر دیں، 15 پر فون کرکے پولیس بلائی تو پولیس نے دونوں بھائیوں کو حراست میں بھی لیا، لیکن جب تھانے پہنچی تو دونوں بھائی تھانے میں نہیں تھے۔

متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ ملزم عماد اس سے قبل میری خالہ کے ساتھ بھی غلط حرکت کرچکا ہے جس کا مقدمہ بھی میری خالہ درج کراچکی ہے، جبکہ لڑکی کے بھائی نے الزام لگایا کہ دونوں ملزمان نے اسکی بہن کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج ہونے کے بعد نذیر خان اس کے بیٹوں عماد خان اور فواد خان کو گرفتار کرلیا ہے۔