سعودی عرب ،غیر ملکی کو ملک میں داخلے کیلئے کورونا سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا

September 17, 2020

جدہ(شاہدنعیم)سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کے لیے سعودی عرب آنے کے لیے کورونا وائرس سے پاک ہونے کا ثبوت دینا لازمی ہے۔ کسی بھی غیرملکی کو رجسٹرڈ اور معتبر میڈیکل سینٹر سے کورونا وائرس سے پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ پیش کیے جانے تک سعودی عرب کے کسی بھی ائیر پورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں ہوگی،محکمہ شہری ہوابازی کے ترجمان ابراہیم الرؤسا نے کورونا وائرس کی تازہ صورتحال سے متعلق پریس کانفرنس میں کہا کہ مملکت آنے والے تمام افراد کو وزارت صحت کی نگرانی میں ہاؤس آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہر آنے والے کو تین دن تک ہاؤس آئسولیشن میں رکھا جائے گا بشرطیکہ اس کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی ہو۔دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز جمعرات سے سعودی عرب کے لیے پروازیں شروع کر رہی ہے۔پاکستان سے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار 23 پروازیں چلائی جائیں گی جن کی ٹکٹس کے فروخت کا آغاز کر دیا گیا۔