محکمہ سیاحت کی 13 کنال اراضی پر قبضہ، کارروائی کیلیے ڈپٹی کمشنر کو خط

September 17, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر)حکومت پاکستان کی طرف سے ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب ( ٹی ڈی سی پی ) ملتان کو 1992ءمیں الاٹ کی گئی 14کنال رقبہ میں سے 13کنال رقبہ ناجائز قابضین کے تصرف میں ہے۔ حکومت پنجاب نے ٹی ڈی سی پی کو دریائے چناب کے ملتان کی طرف کے کنارے کے قریب 14کنال رقبہ ریزارٹ بنانے کے لیے الاٹ کیا جس کے تین کنال حصہ پر چند سال قبل پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کی عمارت بنادی گئی جو کہ 2010 کے سیلاب کی تباہ کاریوں میں تباہ ہوگئی، اب ایک کھنڈر نما عمارت اس رقبے پر قائم ہے، دیگر 10کنال پر دیگر لوگوں نے قبضہ کرلیا۔صرف ایک کنال زمین ٹی ڈی سی پی کی ریزارٹ کی تعمیر کے لیے موجود ہے۔ ٹی ڈی سی پی کے مطابق ناجائز قابضین سے جگہ کا قبضہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ملتان کو خط لکھ دیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ تحصیل دار اور پٹواری سے اس سلسلہ میں فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔