وزیر اعظم عمران خان 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

September 17, 2020

وزیراعظم عمران خان 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سیشن سے خطاب کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ نے وزیراعظم کے خطاب کی ترتیب سے متعلق پاکستان کو مطلع کردیا ہے۔

وزیراعظم کا جنرل اسمبلی میں دوپہر کے سیشن میں خطاب تیسرے نمبر پر ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 ستمبر کو رات 11:45 پر وزیراعظم عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث رواں سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے عالمی رہنما نیویارک میں جمع نہیں ہوں گے۔

193 ارکان پر مبنی جنرل اسمبلی نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ تمام رہنما اپنا ویڈیو بیان بھیجیں گے۔

فیصلے کے مطابق تمام حکمران پہلے سے ریکارڈ شدہ پیغام بھیج سکتے ہیں جو کہ اجلاس کے دوران نیویارک میں موجود تمام ملکوں کے مندوبین کی جانب سے تعارف کے بعد پیش کیا جائے گا۔