امریکا کے ساحل سے ٹکرانے والا طوفان سیلی کمزور پڑگیا

September 17, 2020




امریکی ریاستوں الاباما اور فلوریڈا کے ساحلی علاقوں میں تباہی مچانے والا سمندری طوفان سیلی کمزور پڑ گیا۔

گذشتہ روز کیٹگری ٹو کے سمندری طوفان نے تیز ہواؤں اور طوفانی بارشوں کے ساتھ الاباما اور فلوریڈا کے ساحلی علاقوں کو کئی فٹ سیلابی پانی میں ڈبو دیا۔

سست روی سے گزرنے والے اس طوفان نے کئی علاقوں میں لگاتار سولہ گھنٹے تک بارش برسائی، کہیں کہیں دو فٹ سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس طوفان کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی لائنیں اور درخت گرنے سے راستے بند ہوگئے۔

شدید متاثرہ علاقوں میں کرفیو لگا کر پانی میں پھنسے سیکڑوں افراد کو کشتیوں کے ذریعے نکالا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پانچ لاکھ کے قریب لوگ اب بھی بجلی سے محروم ہیں۔

طوفان کے زیرِ اثر جارجیا اور کیرولائنا کے ساحلی علاقوں میں ایک فٹ سے زائد بارشوں اور سیلابی صورتحال کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

طوفان کا رخ جارجیا اور شمالی جنوبی کیرولائنا کے ساحلوں کی جانب ہے، طوفان سے مختلف حادثات میں ایک شخص ہلاک اور ایک لاپتا ہے۔