دبئی کے صحرا میں برطانوی شہری زخمی

September 19, 2020


متحدہ عرب امارات کی ریاستی پولیس نے دبئی کے صحرا میں زخمی ہونے والے برطانوی سیاح کو ریسکیو کر کے ایئرایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا۔

دبئی کے نیشنل سرچ اینڈ ریسکیو سینٹر نے دبئی پولیس کے تعاون سے جمعے کے روز 36 سالہ برطانی شہری کو صحرا سے ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کیا جس کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔

برطانوی شہری صحرا میں موٹرسائیکل چلا رہا تھا کہ اسی دوران اُس کے ساتھ حادثہ پیش آیا جس میں وہ بری طرح سے زخمی ہوا اور چلنے پھرنے کے قابل تک نہیں تھا۔

دبئی پولیس کے آپریشن سینٹر کو برطانوی شہری کے ساتھ پیش آنے والے حادثے سے متعلق اطلاع موصول ہوئی اور بتایا گیا کہ 36 سالہ شخص کا پیر ٹوٹ گیا جبکہ اس کے جسم سے خون بہہ رہا ہے۔

پولیس نے فوری طور پر این ایس آر سی کو واقعے سے متعلق آگاہ کیا جس کے بعد ریسکیو ٹیم نے زخمی شہری کو صحرا میں تلاش کر کے اُسے ایئرلفٹ ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا۔

اسپتال منتقلی کے بعد برطانوی سیاح کو طبی امداد دی گئی اور ڈاکٹرز نے اس دوران کرونا کے پیش نظر تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جبکہ متاثرہ شخص کا کرونا ٹیسٹ بھی کیا گیا جو منفی آیا۔