اے پی سی کے بعد متفقہ لائحہ عمل سامنے آئے گا، بلاول

September 19, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردار ی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کل ہماری اے پی سی میں آئیں گے، اے پی سی کے بعد متحدہ اپوزیشن کی حکمت عملی کل سامنے آ جائے گی۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات میں کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بہت اچھا اور تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، مولانا فضل الرحمان کل ہماری اے پی سی میں آئیں گے۔

پیپلز پارٹی کے وفد میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف شامل تھے، جبکہ رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم خان درانی، سینیٹر مولانا عطا الرحمان، ڈاکڑ عتیق الرحمان اور شاہ اویس نورانی , سینیٹر عبدالکریم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں وفود میں کل کی اے پی سی کے ایجنڈے اور اعلامیہ پر غور کیا گیا اور اے پی سی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آصف زرداری کا بھی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ

نواز شریف کے بعد پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے بھی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے آصف زرداری کی شرکت کی تصدیق کردی۔

آصف زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے اے پی سی میں شریک ہوں گے، نواز شریف بھی گذشتہ روز بلاول کی دعوت پر اے پی سی میں ویڈيو لنک کے ذریعے شرکت پر آمادگی ظاہر کرچکے ہیں۔

حکومت مخالف اپوزيشن اتحاد کی آل پارٹیز کانفرنس کل پیپلز پارٹی کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہوگی۔

کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کرنے سے جماعت اسلامی نے معذرت کرلی ہے۔