• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کا ٹوئٹر پر پہلا پیغام ’ووٹ کو عزت دو‘

سابق وزیراعظم نواز شریف نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے پیغام کے ساتھ سوشل میڈیا کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے۔

نواز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے ورچوئل خطاب کرنے پر رضا مندی ظاہر کی، جس سے ملکی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔

اس کے ساتھ ہی سابق وزیراعظم سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سرگرم ہوگئے ہیں، انہوں نے اپنے پہلے پیغام میں صرف ’ووٹ کو عزت دو‘ لکھا۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے نواز شریف کو سوشل میڈیا پر ویلکم کہا۔

انہوں نے کہا کہ خوشی اور اعزاز کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ میاں محمد نواز شریف نے پاکستانی عوام سے جڑے رہنے کےلیے ٹوئٹر پر متحرک ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

مریم نواز نے اپنے پیغام میں نوازشریف کو ٹوئٹر ہینڈل بھی شیئر کیا۔

دوسری طرف نواز شریف کے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے خطاب کو روکنے کے لیے وفاقی حکومت میدان میں آگئی ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاونین خصوصی شہزاد اکبر اور شہباز گل بھی متحرک ہوگئے ہیں، جنہوں نے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ اگر نواز شریف کا خطاب دکھایا گیا تو پیمرا حرکت میں آئے گا۔

اس سے قبل مریم نواز نے کہا تھا کہ نواز شریف کا خطاب دکھانے کےلیے اقدامات  کررہے ہیں، ان کی تقریر سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو دکھائی جائے گی۔

گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا اور ان کی طبیعت دریافت کی تھی، ساتھ ہی دوران گفتگو انہیں اے پی سی سے ورچوئل خطاب کی دعوت دی تھی جو انہوں نے منظور کرلی تھی۔

تازہ ترین