دنیا میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں، عالمی ادارہ صحت

September 23, 2020

پیرس، نئی دہلی(اے ایف پی،جنگ نیوز ) عالمی ادارہ صحت کاکہناہےکہ دنیا میں کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں، ادھرامریکا میں ہلاکتیں 2لاکھ سے تجاوز کرگئیں،ادھربھارت میں 75ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ برطانیہ میںمزید پابندیاں عائد کردی گئیں۔تفصیلات کےمطابق دنیا بھر میں کورونا سے9لاکھ65ہزار760مریض چل بسے ہیں جبکہ 3کروڑ 13لاکھ افراد ابتک اس وباء سے متاثر ہوئے ہیں۔عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں گزشتہ ایک ہفتے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے اور 20 لاکھ کے قریب کیسز رپورٹ ہوئے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا سے ہلاکتوں میں کمی آئی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے اعداد وشمار کے مطابق 20 ستمبر تک گزشتہ ہفتے 19 لاکھ 98ہزار 897 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا کے تقریباً تمام خطوں میں کیسز میں اضافہ ہوا، امریکا اور یورپ میں 11 فیصد سے 10 فیصد اضافہ ہوا۔امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی جو دنیا میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔