یہ وقت ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے خوابوں کو تعبیر ملے، بلاول بھٹو زرداری

September 24, 2020

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا گلگت بلتستان سے متعلق کہنا ہے کہ یہ وقت ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے خوابوں کو تعبیر ملے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں گلگت بلتستان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کا اس لیے مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ یہاں کے لوگ اپنا مستقبل خود طے کرسکیں، یہ وقت ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے خوابوں کو تعبیر ملے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان 2020ء کے انتخاب 2018ء والے منشور کی بنیاد پر ہی لڑے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سب سے پہلے 1974ء میں گلگت بلتستان میں اصلاحات کو متعارف کرایا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان سے ایف سی آر اور راج شاہی کو ختم کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو 1994ء میں پہلا لیگل فریم ورک آرڈر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے دیا، صدر آصف علی زرداری نے 2009ء میں گلگت بلتستان کو نام دیا اور یہاں کی اسمبلی کو بااختیار بنایا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے 2018ء کے منشور میں گلگت بلتستان کو مزید حقوق دینے کا وعدہ کیا۔