اختیار رکھنے والی قوتیں ہی ملاقاتیں کرتی ہیں، نیئر بخاری

September 26, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ٹیلیفون ڈیٹا لیک کرنے کی بات موجودہ دور کی نہیں مشرف دور کی ہے ملک میں جمہوریت ناکام ہوئی تو اپوزیشن مرغا بنی ہوگی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ پاکستان میں حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار رکھنے والی قوتیں ہی ملاقاتیں کرتی ہیں عمران خان ایشوز پر حتمی فیصلہ کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے ہیں عمران خان نے کہا تھا میں شیخ رشید کو چپراسی نہ رکھوں،آج اسکی کابینہ کا اہم ممبرہے۔

ڈائریکٹر نیوز جیو رانا جواد نے کہا کہ وزیراعظم سمجھتے ہیں اپوزیشن ان کے خلاف تحریک چلانے کی پوزیشن میں نہیں، وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ٹیلیفون ڈیٹا لیک کرنے کی بات موجودہ دور کی نہیں مشرف دور کی ہے، مشرف دور میں شہباز شریف بریگیڈیئر نیاز اور جنرل ندیم کے ذریعہ نواز شریف کو چھڑا کر لائے۔

اپوزیشن جہاں اے پی سی کرے گی اگلے دن وہاں جاؤں گا، نواز شریف نے ضیاء الحق کے پنگھوڑے میں آنکھیں کھولیں، نواز شریف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے وزیر بنے تو ضیاء الحق کی چوسنی لیے ہوئے تھے، افسوس ہے کہ فوج کی سلیکشن بھی غلط ہوتی ہے ایسے ناکارہ، بیکار اور ٹھس لوگوں کو آگے رکھتے ہیں جو خود کو ہیرو سمجھتے ہیں لیکن اندر سے زیرو ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پاس دولت بہت ہے مگر انہیں بغیر وسائل کے ایکسپوز کروں گا، میں بھی کل پرسوں سے ٹوئٹ کرنا شروع کررہا ہوں، سوشل میڈیا کے تمام نوجوان میرے ساتھ کھڑے ہوں۔